صنعتوں کیلئے جلد پیک آور کی جگہ رعایتی آورز دئیے جائیں گے،سی ای او لیسکو

لیسکوشکایات کے دفاتر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،لاہور چیمبر

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:15

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ صنعتوں کیلئے بہت جلد پیک آور کی جگہ رعایتی آورز دئیے جائیں گے جن کے دوران صنعتوں کو رعایتی قیمتوں پر بجلی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیاجبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، شیخ سجاد افضل، حارث عتیق ، ذیشان سہیل ملک ، عامر انور اور سابق ای سی ممبر میاں عبدالرزاق نے بھی لیسکو چیف کو مسائل سے آگاہ کیا، بل کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانے کی زیادہ شرح پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیسکو اس شرح کو تاخیر دنوں کے مطابق متعین کرنے کے حوالے سے غور کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اب صنعتکاروں کو ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے کے فورا بعد ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ جب کام شروع کریں اس وقت بھی جمع کروا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ لیسکو صنعتوں میں انرجی آڈٹ کی مفت سہولت دینے پر بھی کام کر رہا ہے، لاہور میں لائن لاسز کی شرح زیادہ ہونے کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لائن لاسز کی وجہ بجلی چوری ہی نہیں بلکہ ٹیکنیکل لاسز بھی اس کی بڑی وجہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ لیسکو کی ٹرانسمیشن لائنیں دیگر ڈسکوز سے دو گنا ہیں لہذا ان سے لیسکو کی کارکردگی کا موازنہ نہ کیا جائے، اس موقع پر صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے لیسکو چیف سے لاہور چیمبر کے ممبران کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری مراکز میں اکثر بجلی کے بل تاخیر سے یا آخری تاریخ کو ڈلیور ہوتے ہیںاور ادائیگی میں تاریخ کے اگلے ہی دن لیسکو عملے کی جانب سے متعلقہ لوگوں کو ہراساں کرنا اور بجلی منقطع کر دی جاتی ہے جوکہ بجلی کا کنکشن منقطع کرنے سے متعلق نیپرا کے قواعد کیخلاف ہے،انہوں نے کہا کہ نیپرا قواعد کے مطابق گذشتہ ماہ کے بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں ڈسکو کی جانب سے سات روزہ نوٹس جاری کیا جائے اور پھر واجبات ادا نہ کرنے کی صورت میں کنکشن منقطع یا مزید کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تاخیر سے بل کی ادائیگی پر 5سی8فیصد اضافی وصول کئے جاتے ہیں، اس شرح کو بھی معقول بنانے کی ضرورت ہے،لیسکوشکایات کے دفاتر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے، لاہور چیمبر کی گزارش ہے کہ لیسکو اور اس کے صارفین کے باہمی مفاد کیلئے لیسکو کے شکایات دور کرنے کے نظام کو بہتر بنایا جائے، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید نے تاجر برادری کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر لیسکو چیف کو سراہا۔