لاہور میں مریدوں نے مزار سے پیر کی میت چوری کر لی

ملزمان مرید اپنے پیر کی باقیات کو سکھر لے کر جا رہے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 10:36

لاہور میں مریدوں نے مزار سے پیر کی میت چوری کر لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں کچھ مریدوں نے ایک مزار سے پیر کی میت چوری کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ گجر پورہ قبرستان میں مریدوں نے اپنی اندھی عقیدت کے ہاتھوں مجبور پر مزار سے پیر کی میت چوری کر لی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پیر کی میت برآمد کی اور نو ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان مرید اپنے پیر کی باقیات کو سکھر لے کر جا رہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان کو اہل علاقہ کی شکایت پر گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف سنگین دفاعت کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایسا ہی ایک واقعہ چکوال میں پیش آیا تھا۔ یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ چکوال قبرستان سے پیر صاحب قبر سے چوری کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

چوروں نے یہ کام رات کے اندھیرے میں سر انجام دیا اور پیر کی لاش کو قبر سے اٹھا کر لے گئے۔اس خبر میں کتنی صداقت ہے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکا تاہم تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پیروں اور بزرگوں کی میتوں کو قبر سے نکالنے کے اس سلسلے پر عقیدت رکھنے والوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ ان کو عبرت حاصل ہو اور آئندہ کوئی ایسا گھناؤنا کام کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں لاہور میں پیسوں کے عوض قبریں بیچنے کا انکشاف بھی ہوا تھا جس میں گورکن کے ملوث ہونے کی اطلاعات تھیں۔ یہ واقعہ بھی اہل علاقہ نے ہی رپورٹ کیا تھا جب وہ اپنی بچی کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تو دیکھا کہ اس جگہ کوئی بڑی قبر ہے اور ان کی بچی سمیت تین بچوں کی میتیں کفن سمیت قبر کے باہر پڑی تھیں۔ پولیس نے مذکورہ قبرستان کے گورکن کو بھی گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :