Live Updates

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی کارگزاری کی ایک اور منفرد مثال

جھنگ روڈ کے رہائشی مزدور کو 1 کروڑ 13 لاکھ کا بل بھیج دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 12:36

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی کارگزاری کی ایک اور منفرد مثال
فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی کارگزاری کی ایک اور منفرد مثال سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیسکو نے ایک معمولی مزدور کو 1 کروڑ 13 لاکھ کا ہوش رُبا بل بھیج دیا۔چند ہزار روپے کمانے والے مزدور پر یہ بل دیکھ کر غشی کی کیفیت طاری ہو گئی۔ حالانکہ بل پر استعمال شدہ یونٹ کی گنتی صرف41یونٹ درج تھی۔

یہ مزدور جھنگ روڈ کے علاقے 66دھاندرہ کا رہائشی ہے۔ مزدور نے ایک میڈیا چینل کو بتایا کہ اس کی تو دو وقت کی روٹی بمشکل پُوری ہوتی ہے وہ بھلا کہاں سے اتنی بھاری رقم فیسکو کو بل کی مد میں ادا کر پائے گا۔حیران کُن بات یہ ہے کہ ایک کروڑ سے زائد رقم کا یہ بل صرف 41 یونٹس کے استعمال پر بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فیسکو کی جانب سے صارفین کواوور بلنگ کی درجنوں شکایات موصول ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ادارے کے اعلیٰ عہدے داروں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس نوعیت کی اوور بلنگ کی شکایات کا جلد ازالہ کر دیا جائے گا۔ تاہم فیسکو انتظامیہ کی غیر ذمہ داری کی مزید شکایات سامنے آرہی ہیں۔ شہریوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اوور بلنگ کی درستی کروانا ایک بہت بڑا مسئلہ بن چُکا ہے، اہلکاروں کی معمولی سے غلطی کے باعث اُنہیں کئی بار شدید ذہنی کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فیسکو کے علاوہ دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بھی اوور بلنگ کی شکایات معمول بن کر رہ گئی ہیں۔ اس سے قبل فروری 2019ء میں وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے زائد بلوں کی شکایات کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم کو فوری تحقیقات کرنے کی ہدایت کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات