ملتان ،مدنی چوک پر فلائی اوور کے تعمیر کی منظوری دے دی گئی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 21:58

ملتان ۔ 19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مدنی چوک پر فلائی اوور کے تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔اس منصوبے پر 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔یہ منظوری ایم ڈی اے کے گورننگ باڈی کا 79 واں اجلاس میں دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ملتان کے حالیہ دورہ کے موقع فلائی اوور کی تعمیر کی ہدایت کی تھی۔

اس منصوبے کی تعمیر کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سفارش کی تھی۔گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنروڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیراعلیٰ کا تعلق اس خطے سے ہے۔جس طرح صوبائی حکومت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خصوصی فنڈز فراہم کئے اسی طرح ایم ڈی اے کے لیے حکومت پنجاب سے فنڈز حاصل کئے جائیں گے اور اس کے لیے مخدوم شاہ محمود قریشی اور ملتان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرین کی مدد حاصل کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس روٹ پہ جہاں ضرورت ہو گی ٹریفک سگنلز لگائے جائیں گے۔شہریوں نے مختلف مقامات پر سگنلز لگانے کے لیے مطالبہ کیا ہے۔عامر خٹک نے کہا کہ ایم ڈی اے میں آئندہ ہر اجلاس کے منٹس تیار کئے جائیں گے۔اب زبانی کلامی فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے چوکوں پر سٹڈز لگانے کا کام روکنے کا حکم دے دیااور ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے پیش نظر لگائے گئے سٹڈز کا جائزہ لیا جائے اور سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں لیے آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔اجلاس میں وائس چیئرمین ایم ڈی اے ممتازقریشی اور ممبران صوبائی اسمبلی سبین گل، سلیم لابر، ایڈیشنل ڈی جی چوہدری انور،ایم ڈی واسا راؤ قاسم اور دیگر محکموں کے ممبرز بھی شریک تھے۔