برکت ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 8 کروڑ 95 لاکھ 94 ہزار روپے کی ڈگری جاری

منگل 22 اکتوبر 2019 17:18

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) لاہور کی بنکنگ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بنک ڈیفالٹر چچا زاد بھائیوں کی برکت ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 8 کروڑ 95 لاکھ 94 ہزار روپے کی ڈگری جاری کر دی ۔بینکنگ جرائم عدالت کی جج شاہدہ سعید نے بنک الفلاح کے ریکوری کے دعوی پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

وکیل بینک نے موقف اختیار کیا کہ برکت ٹیکسٹائل ملز کے میاں طیب اقبال، میاں طاہر اور دیگر نے کاروبار کیلئے قرض حاصل کیا،جبکہ قرض کیلئے میاں طیب، میاں طاہر، طیبہ اقبال، رابعہ اقبال، عابدہ اقبال، صبا ایوب، رخسانہ عارف اور نازلی احسن نے گارنٹی بھی دی، وکیل بینک نے عدالت کو بتایا کہ ڈیفالٹر برکت ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے چونیاں میں واقع 70 کنال 10 مرلے پر مشتمل 4 جائیدادیں رہن رکھوائیں، قرض کی رقم ادا کرنے کیلئے میاں طیب سمیت ڈیفالٹر ملز کے 9 مالکان کو متعدد بار ریکوری کے نوٹسز بھجوائے جا چکے ہیںلیکن شنوائی نہ ہوئی۔

عدالت سے استدعا ہے کہ بنک کی رقم کی ریکوری کرنے کیلئے برکت ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 9 کروڑ 48 لاکھ 32 ہزار روپے کی ڈگری جاری کی جائے۔