سارو گنگولی 9ماہ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب

گزشتہ چند سالوں میں بورڈ کا تشخص کافی مجروح ہوا ، کوشش ہو گی اسکی ساکھ کو بحال کرنے میں کردار ادا کر سکوں:بی سی سی آئی چیف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 اکتوبر 2019 12:32

سارو گنگولی 9ماہ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اکتوبر2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی بلامقابلہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گنگولی کی کرکٹ کے سب سے امیر ترین بورڈ کی صدارت کا دورانیہ 9 ماہ تک کا ہو گا جس کے بعد دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔بھارت کےلئے 113 ٹیسٹ اور 311 ون ڈے میچز کھیلنے والے گنگولی گزشتہ ماہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) کے صدر منتخب ہوئے تھے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ میں یہ رائے پائی جاتی ہے کہ ان جیسی شخصیت کو بورڈ کا صدر ہونا چاہئے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ ان کے لئے فخر کی بات ہے، پہلے ملک کےلئے کھیلنا پھر اس ٹیم کی کپتانی اور اب بورڈ کی صدارت سے نوازے جانے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں بورڈ کا تشخص کافی مجروح ہوا ہے، میری کوشش ہو گی کہ میں اس کی ساکھ کو بحال کرنے میں کردار ادا کر سکوں، ابتدائی طور پر میری ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ کی جانب مبذول ہو گی، میں نے کرکٹ کمیٹی سے اس ضمن میں کھلاڑیوں کے مالی حالات جاننے کےلئے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

عہدے کی مدت محض جولائی 2020 ءتک ہونے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بالکل مجھے اپنے عہدے کی معیاد کا اچھی طرح ادراک ہے، کوشش ہو گی کم وقت میں زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں۔