پہلی دو روزہ رشیا افریقہ کانفرنس روس کے شہر سوچی میں شروع،54 افریقی ممالک کے وفود شریک

بدھ 23 اکتوبر 2019 13:39

پہلی دو روزہ رشیا افریقہ کانفرنس روس کے شہر سوچی میں شروع،54 افریقی ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی میزبانی میں پہلی دو روزہ رشیا افریقہ کانفرنس روسی شہر سوچی میں شروع ہوگئی ہے جس میں 54 افریقی ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت اور وفود شریک ہیں، کانفرنس میں مجموعی طور پر 3 ہزار سے زیادہ مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کا مقصد براعظم افریقہ کے ملکوں اور روس کے درمیان اقتصادی، معاشی، کاروباری اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق بحیرہ اسود کے ساحلی شہر سوچی میں ہونے والی اس کانفرنس میں بعض افریقی ملکوں کے سربراہان بھی شرکت کررہے ہیں جن میں افریقی یونین کے سربراہ و مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔کانفرنس میں شریک ممالک کے سربراہان اور وفود ملکوں کے درمیان تجارتی و دیگر معاہدوں کے ساتھ ساتھ جوہری ٹیکنالوجی کے معدنی شعبے میں استعمال بارے بھی غور کریں گے۔

(جاری ہے)

براعظم افریقہ کے ملکوں کی تجارتی و معاشی سرگرمیوں پر مغربی ملکوں کے ساتھ ساتھ چین کا بھی بڑا اثر ہے جس کے بعد روس بھی اس علاقے میں اپنے حلقہ اثر اور تجارتی منڈی میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔یاد رہے کہ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد روس کے افریقی ملکوں سے تعلقات اور تجارت میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی۔