سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں زیروپیرئڈمیں انسداد ڈینگی آگاہی لیکچر کو یقینی بنایا جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا

ہفتہ 2 نومبر 2019 14:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2019ء) سرگودھا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن( ر)شعیب علی نے محکمہ تعلیم کے افسرا ن پر زور دیا ہے کہ وہ انسداد ڈینگی کے ضمن میں سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروںمیں بھی زیرو پیرئڈکو مخصوص کریں جس میں بچوں کو ڈینگی کے بارے میں آگاہی دی جائے ، سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو معمول بنایا جائے اور ڈینگی کے ہر مریض کے بارے میں محکمہ صحت کو ویڈیو وفوٹوگرافک شواہد فراہم کئے جائیں جبکہکوتاہی کرنے والے سکولوں اور ہسپتالوںکے خلاف کارروائی کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فاروق حیدر عزیز ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘ فوکل پرسن ڈینگی ڈاکٹر طارق حسن ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر خصوصی تعلیم شاہد مختار ‘ ریسکیو 1122 سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انسداد ڈینگی کی مشترکہ کوششوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیںاور رسپانس ٹیمیں اسی لگن او رجذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں گی ۔

انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ قبرستانوں ‘ دیہی کمیونٹی مراکز اور واٹر سپلائی وڈرینج کے ذریعوں پر توجہ مرکوز کریں ،دیہاتوںمیں بھی عوامی آگاہی کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں مچھر کی افزائش ہے وہاں ڈینگی وائرس کا امکان ہوتاہے اس لئے مچھر کے خاتمے کیلئے سپرے کو لازمی قرار دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوںمیں ڈینگی کے مریضوںکیلئے خصوصی وارڈز قائم ہیں اورتشخیص کا بھی بہترین نظام ہے اور عوام معمول کے بخار کو بھی نظر انداز نہ کریں ۔