دنیائے فٹبال کے ستارے، پاکستان میں پھر چمکنے کو تیار(کل)کراچی پہنچیں گے

پاکستان آنے والے فٹبالرز میں برازیل کے رکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلوس پیوئلاور اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں

جمعہ 8 نومبر 2019 20:04

دنیائے فٹبال کے ستارے، پاکستان میں پھر چمکنے کو تیار(کل)کراچی پہنچیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) دنیا بھر میں مقبول فٹبال کے ستارے کل (ہفتہ) پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان آنے والے فٹبالرز میں برازیل کے رکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلوس پیوئلاور اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ چاروں فٹبالرزہفتہ کو دوپہر ایک بجے کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے، بعدازاں کراچی کے شاپنگ مال کا دورہ کرکے ڈیفنس کے راحت فٹبال اسٹیدیم پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

راحت فٹبال اسٹیدیم میں ساڑے سات بجے ورلڈ سوکر اسٹار اور ایف سی کراچی کے خلاف سکس اے سائیڈ نمائشی میچ ہوگا جس میں پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین بھی ایکشن میں ہوں گے۔پاکستان روانگی سے قبل فٹبالرز نے پاکستانی شائقین کو کراچی اور لاہور آنے کا پیغام بھی دیا۔واضح رہے کہ یہ چاروں اسٹار فٹبالرز پہلے بھی مختلف اوقات میں پاکستان آچکے ہیں، لیکن ایک ساتھ یہ چاروں پہلی بار پاکستان آئیں گے۔پاکستان کے مختصر دورے پر دوسرا نمائشی میچ اتوار کو لاہور میں ہو گا جس میں ٹیم کاکا اور ٹیم فیگو آمنے سامنے ہوں گی۔ ان میچز میں نیشنل فٹبالرز بھی ایکشن میں ہوں گے۔