اے بی ڈیویلیئرز نے پی ایس ایل میں شرکت سے انکار کی وجہ بتا دی

ورک لوڈ کو ہینڈل کرنے ،انجری سے بچنے کیلئے فیصلہ کیا:سابق جنوبی افریقی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 نومبر 2019 13:48

اے بی ڈیویلیئرز نے پی ایس ایل میں شرکت سے انکار کی وجہ بتا دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12نومبر2019ء) سابق جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈ ویلیئرز نے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔35سالہ ڈ ویلیئرز نے ابتدائی طور پر لیگ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی۔ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ’ ورک لوڈ‘ کو ہینڈل کرنے اور انجری سے بچنے کے لیے انہوں نے رواں سال پی ایس ایل میں شرکت سے معذرت کی ہے۔

اے بی ڈیویلیئرز نے گزشتہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی جانب سے 7میچز میں 54.50کی اوسط سے 218رنز سکور کیے تھے ، انہوں نے یہ رنز128.99کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے تھے تاہم لاہور قلندرز کی ٹیم ایک بار پھر لیگ میں آخری نمبر پررہی تھی ۔اے بی ڈیویلیئرز اب بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے اور کرسمس کے بعد کے میچز کے لیے دستیاب ہوں گے جس کے بعد وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کریں گے ۔

(جاری ہے)

اے بی ڈیویلیئرز اب تک 295ٹونٹی ٹوٹنی مقابلوں میں 37.20کی اوسط سے 8186رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 4سنچریاں اور57نصف سنچریا ں شامل ہیں ،انہوں نے یہ رنز 149.84کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈ ویلیئرز ڈیڑھ سال قبل ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور ان دنوں دنیا بھر میں لیگز کھیل رہے ہیں جس کے سبب محض ورک لوڈ کو بنیاد بنا کر شرکت سے انکار ناقابل فہم نظر آتا ہے۔