''کاشف عباسی کو گرفتار کرو''

''عمر'' جن کے نام میں آتا ہے وہ سازشی ہوتے ہیں، کاشف عباسی کے بیان پر ٹویٹر پر ان کی گرفتاری کے مطالبہ کے لیے ٹرینڈ بن گیا سینئیر صحافی و تجزیہ کار کاشف عباسی نے وضاحتی بیان بھی جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 نومبر 2019 15:45

''کاشف عباسی کو گرفتار کرو''
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2019ء) : مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر سینئیر صحافی و تجزیہ کار کاشف عباسی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ کاشف عباسی کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ ٹرینڈ بھی متعارف کروایا گیا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے ٹویٹر صارفین ان کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اس ٹرینڈ اور مطالبے کے پیچھے دراصل کاشف عباسی کے پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ ہے جس میں انہوں نے ساتھی صحافی عمر چیمہ اور سیاسی رہنما اسد عمر سے بات کرتے ہوئے تمسخرانہ لہجے میں کہا کہ جن کے نام میں عمر آتا ہے وہ سازشی لوگ ہوتے ہیں۔

بس اس کیپشن سے یہ ویڈیو کلپ وائرل ہونے کی ہی دیر تھی کہ سوشل میڈیا صارفین نے اس معاملے کو مذہب سے جوڑ کر کاشف عباسی پر صحابہ کرامؓ کی توہین کا الزام عائد کر دیا اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا جس کا ٹرینڈ (ArrestKashifAbbasi#) بھی بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم اب سینئیر صحافی و تجزیہ کار کاشف عباسی نے اس ویڈیو کلپ کے حوالے سے اپنے اکاؤنٹ سے ایک وضاحتی پیغام بھی جاری کر دیا ہے۔

ٹویٹر پیغام میں کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ میراحضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ پر کامل یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ان سے عقیدت کا تعلق ہے۔ میں تصور میں بھی حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی شان اقدس میں کوئی لب کشائی نہیں کر سکتا۔ کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ عظیم صحابی رسول میرے لیے رول ماڈل ہیں۔ اللہ مجھے بروز حشر صحابہ کی عقیدت میں اُٹھائے اور ان کا قرب نصیب کرے۔

آمین!
کاشف عباسی کے اس ٹویٹ کے بعد کئی ٹویٹر صارفین نے ان کے خلاف خواہ مخواہ تنازعہ شروع کرنے والے صارفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ویڈیو کلپ میں صحافی نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر اُن پر اتنا بڑا الزام عائد کیا جائے۔ ویڈیو کلپ میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ بات صرف مذاق میں ہوئی اور اُس کا سیاق و سباق بھی کچھ اور تھا لیکن ٹویٹر پر سیاق و سباق سے ہٹا کر اس ویڈیو کو پیش کیا گیا جو کہ افسوسناک ہے۔