حکومت کی طرف سے برآمداتی اور تعمیراتی شعبوں کیلئے رعایتی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

منگل 12 نومبر 2019 19:26

حکومت کی طرف سے برآمداتی اور تعمیراتی شعبوں کیلئے رعایتی پیکج کے اعلان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے حکومت کی طرف سے برآمداتی شعبے کو 200ارب روپے کے رعایتی قرضے فراہم کرنے اور برآمدکنندگان کو سٹیٹ بینک آف پاکستان سے قرضے کی فراہمی کیلئے 100روپے اضافی مختص کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور ان کو معیشت کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات قرار دیا کیونکہ اس سے برآمدکنندگان کو پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی ۔

برآمدکنندگان کو کم شرح سود پر جو قرضے فراہم کئے جائیں گے اس سلسلے میں شرح سود کے فرق کو حکومت پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ 2019-20میں برآمداتی شعبے کیلئے زیرو ٹیکس کی سہولت ختم کر دی تھی جس وجہ سے اس شعبے کے مسائل میں اضافہ ہو گیا تھا اور ان حالات میں برآمدکنندگان کو کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی سے اس شعبے کی مشکلات کم ہوں گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت نے برآمدکنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کیلئے 30ارب روپے کے پرامسری نوٹ یا بانڈز جاری کرنے کی بجائے ان کو 30ارب روپے کیش کی صورت میں دینے کا اعلان کیا ہے جو قابل ستائش ہے کیونکہ اس سے برآمدکنندگان کے مالی مسائل کم ہوں گے اور پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے سبسڈی کے طور پر نیا پاکستان ہائونسگ پروگرام کیلئے 30ارب روپے اضافی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جو ایک خوش آئند فیصلہ ہے کیونکہ اس سے معاشرے کے غریب لوگوں کیلئے سستے گھر تعمیر کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے میں حصہ لینے والے بزنس مینوں کو بھی ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے لہذا انہوںنے تاجر برادری پرزور دیا کہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور سستے گھروں کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں جس سے معیشت اور معاشرے کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے۔