اللہ کی پناہ! تین اُبلے انڈوں کا بِل 1672 ادا کرنا پڑ گیا

سوشل میڈیا پر نوجوان نے ریسٹورنٹ کی جانب سے جاری ناقابلِ یقین رسید شیئر کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 نومبر 2019 15:06

اللہ کی پناہ! تین اُبلے انڈوں کا بِل 1672 ادا کرنا پڑ گیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15نومبر 2019ء) انڈا ایک سستی غذا ہے اگر جیب میں 20، 30 روپے بھی ہوں توبازار سے دو تین انڈے لا کر اُنہیں اُبالنے کے مزے سے کھایا جا سکتا ہے۔ یقینا یہ ایک بہت سستا نسخہ ہے جو کسی بھی شخص کا پیٹ بھرنے کے لیے بہترین ہے۔ تاہم بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک شہری کو محض اُبلے انڈے کھانے کی سزا 1672 روپے کی ادائیگی کی صورت میں مِل گئی۔

شیکھر روی جانی نام کے بھارتی نوجوان نے اپنی جیب پر پڑنے والے ناقابلِ یقین ڈاکے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔ صارفین کو یقین دلانے کی خاطر اُس نے ریسٹورنٹ کی جانب سے جاری بِل کی رسید پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اُس نے حیات ریجنسی نامی ریسٹورنٹ میں جا کر وہاں پر صرف تین اُبلے ہوئے انڈوں کا آرڈر دیا اوران پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد جب بِل منگوایا تو اُسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا لگا۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ بل کوئی پچاس، سو ، دو سو یا تین سو روپے کا نہیں تھا بلکہ پورے 1672 روپے کا تھا۔ شیکھر کا کہنا ہے کہ اُس نے بل دیکھ کر ایک دفعہ تو اپنی آنکھیں ملیں کہ شاید بینائی میں کوئی فرق آ گیا ہے۔ مگر اس سے بھی کوئی فائدہ نہ ہوا۔ بِل پر موجود 1672 روپے کی رقم اُس کے ہوش اُڑانے کے لیے پُوری طرح سے کالی سیاہی کی صورت میں جگمگا رہی تھی۔ شیکھر نے بتایا کہ ریسٹورنٹ والوں کی دی گئی رسید پر تین اُبلے انڈوں کی قیمت 1350 روپے درج تھی، جس کے بعد سروس چارجز کی مد میں 67 روپے شامل کیے گئے تھے، اس کے بعد9 فیصد سی جی ایس ٹی چارج کر کے 127 روپے اور پھر اتنی ہی رقم ایس جی ایس ٹی کی مد میں شامل کر کے مجموعی طور پر 1672 روپے کا بل بنایا گیا تھا۔

اس رسید کے شیئر کیے جانے پر ٹویٹر صارفین کی جانب سے دلچسپ کمنٹس سامنے آئے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ کس نے کہا تھا کہ صرف تین اُبلے انڈے کھانے کی خاطر فائیو سٹار کا رُخ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :