نسیم شاہ پاکستان کرکٹ میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے، وسیم اکرم

نسیم شاہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا سے واپس نہیں گئے، سب ان کو کھیلتا اور پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں،گفگو

بدھ 20 نومبر 2019 15:50

نسیم شاہ پاکستان کرکٹ میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے، وسیم اکرم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2019ء) سابق کپتان وسیم اکرم نے نسیم شاہ کو بہترین دریافت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نسیم شاہ پاکستان کرکٹ میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ نوجوان پیسر نے آسٹریلیا میں ٹور میچ کھیلتے ہوئے گہرا تاثر چھوڑا، پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک میچ میں 9 شکار کیے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس پیس کا ہتھیار ہے، فرسٹ کلاس میں وکٹیں بھی حاصل کی ہوں تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے تیار ہے، میری اور وقار یونس کی کرکٹ کا آغاز بھی 17 سال کی عمر میں ہوا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ نسیم شاہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا سے واپس نہیں گئے، سب ان کو کھیلتا اور پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کرکٹ کیلئے بھی یہ دور بڑی اہمیت کا حامل ہے، نیا کوچ اور نئی مینجمنٹ ہے، وقار یونس جیسے سابق عظیم بولر کی رہنمائی بھی میسر ہے، ان سب کو مستحکم ہونے میں وقت لگے گا تاہم پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔