باغبان ترشاوہ پھلوں کی برداشت سے پہلے ان کی پختگی کا تعین کرلیں،زرعی ماہرین

پیر 2 دسمبر 2019 22:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2019ء) محکمہ زراعت کے زرعی ماہرین کی طرف سے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترشاوہ پھلوں کی برداشت سے پہلے ان کی پختگی کا تعین کرلیں جو بعدازبرداشت کوالٹی کے لیے بہت اہم ہے ۔ پھل کو اس وقت توڑیں جب ان میں مٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو اور پھل اپنے معیاری وزن پر پہنچ جائے ۔

ترشاوہ پھل کو قینچی یا کلپرکی مدد سے پھل کے بالکل قریب سے کاٹیں اور ڈنڈی کا سائز چھوٹا رکھیں ۔ اگر پھل پودوںپراونچے لگے ہوں تو سیڑھی کا استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

پھل کی برداشت صبح کے وقت کریں اور برداشت کے بعد پھلوں کو خشک اور سایہ دار جگہوں پر رکھیں۔ دوران برداشت پھل کو گرنے یا ٹہنیوں سے زخمی ہونے سے بچائیں ۔ برداشت کے بعد پھل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے پلاسٹک کی ٹوکریاں استعمال کریں۔

پھل کو پیکنگ سے پہلے اچھی طرح دھوئیں کیونکہ اگرپھل گرد آلو دہو تو اس کے جلدی گلنے سڑنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ پھل کو کسی نرم کپڑے سے اچھی طرح صاف کرلیں ۔پھل کی صفائی کے بعد اس کی درجہ بندی کرلیں ۔ ایک کریٹ میں ایک ہی قسم ، سائز ، معیار اور ایک ہی وقت توڑے گئے پھلوں کو پیک کرکے منڈی لے جائیں تاکہ اچھی قیمت مل سکے۔

متعلقہ عنوان :