باغبانوں کو زیادہ دیر تک اپنی تازگی ، لذت ، ذائقہ اور کوالٹی برقرار رکھنے کیلئے ترشاوہ پھلوں کو ہاتھوں سے توڑنے کی بجائے ٹہنی کے ساتھ تیز قینچی سے الگ کر نے کی ہدایت

جمعرات 5 دسمبر 2019 15:07

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء)ماہرین زراعت نے کہا کہ زرعی ماہرین باغبانوں اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں جبکہ ان کی رہنمائی ، مشاورت ، معلومات ، اطلاعات وغیرہ کیلئے بھی تمام اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے لہٰذا اگر باغبان اور کاشتکارماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کریں تو اعلیٰ کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف اندرون ملک فروخت بلکہ بیرون ملک ایکسپورٹ کے ذریعے کاشتکار و باغبان بھاری مالی منافع حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ باغبانوں اور کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت جدید طریقے سے کرنی چاہیے تاکہ پھل ضائع ہونے کا خدشہ نہ رہے۔انہوںنے کہا کہ پھل کو صحیح حالت میں اور ٹھیک طریقے سے توڑنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ فصل کی برداشت سے پہلے پھل کی پختگی کا بھی تعین کر لینا چاہیے اور ترشاوہ پھل اس وقت توڑنا چاہیے جب اس میں مٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو ۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہاتھوں سے توڑنے کی بجائے ترشاوہ پھلوں کو ٹہنی کے ساتھ تیز قینچی سے توڑا جائے تو وہ زیادہ دیر تک اپنی تازگی ، لذت ، ذائقہ اور کوالٹی برقرار رکھ سکتا ہے۔