کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ہر ادارہ اپنا کردار ادا کررہا ہے، چوہدری فواد حسین

ہفتہ 7 دسمبر 2019 20:24

کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے وزیر اعظم کے ویژن ..
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پھول قدرت کا حسین تحفہ ہیں جو ماحول کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہوتے ہیں، ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے پھولوں اور پودوں کی شجرکاری کیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے‘ کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ہر ادارہ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی پارک میں سالانہ گل داؤدی کی نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گل دائودی کی نمائش شہریوں میں پھولوں اور پودوں کی اہمیت کو اجاگر کیلئے پی ایچ اے کی قابل تحسین کاوش ہے‘پی ایچ اے کے انتظامیہ اور ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی شب و روز کی محنت سے شہریوں کیلئے نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رنگ برنگے پھول دھرتی کا حسن ہیں اور یہ انسانی طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں۔ شہری گل دائودی کی رنگا رنگ سے سجی نمائش دیکھنے کے لئے جیلانی پارک میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئیں۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے لاہور انجینئر یاسر گیلانی ، وائس چیئرمین پی ایچ اے لاہور حافظ ذیشان رشید سمیت دیگر افسران نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔