لاہور میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت معلوم کر لی گئی

ٹاون شپ کے علاقے میں واقع اے سی مکینک کی دکان میں ہونے والا دھماکہ گیس سلینڈر پھٹنے کے باعث ہوا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 دسمبر 2019 21:12

لاہور میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت معلوم کر لی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2019ء) لاہور میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت معلوم کر لی گئی، ٹاون شپ کے علاقے میں واقع بیکری میں ہونے والا دھماکہ گیس سلینڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر لاہور میں دھماکہ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ لاہور شہر کے مصروف اور گنجان آباد علاقے ٹاون شپ میں ہوا۔

بتایا گیا ہے دھماکہ علاقے میں واقع ایک اے سی مکینک کی دکان میں ہوا۔ مکینک کی جانب سے اے سی میں گیس بھری جا رہی تھی جب وہاں دھماکہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ دھماکے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ گیس سلینڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔

دھماکے کے باعث مکینک کی دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ جبکہ آس پاس کی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جس جگہ پر دھماکہ ہوا، اس کے قریب ہی میلاد جاری تھا۔ دھماکے کے باعث میلاد کے متاثر ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔