کرسمس تقریبات کے موقع پر مسیحی برادری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا،ڈی پی اوبہاولنگر

بدھ 11 دسمبر 2019 23:35

بہاولنگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) ڈی پی او قدوس بیگ نے کہا ہے کہ 25دسمبر کرسمس تقریبات کے موقع پر مسیحی برادری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ا پنے آفس میں پادریوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں ہونے والے پروگرام پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے،تمام چرچ ہائے پر سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ جات ،واک تھرو گیٹس اور خاردار تاریں بھی لگائی جائیں گی، ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے شرکاء میٹنگ کو ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کے لیے آپ اپنے رضاکاروں کو جنہوں نے پولیس لائن سے ٹریننگ حاصل کی ہے ان کو پولیس ملازمان کے ساتھ کھڑا کریں تاکہ ہر آنے جانے والے کی شناخت کی جا سکے ان ویلینٹرز/رضاکاروں کو ضلعی پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارڈ چھاتی پر آویزاں کروائیں کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے ایلیٹ فورس،ایگل اسکواڈ، تھانہ جات کی گاڑیاں سیکیورٹی برانچ کے اہکار بھی چرچوں کے ارد گرد گشت پر معمور ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ضلعی پولیس کے مسلح دستے بھی پولیس لائنز میں الرٹ پوزیشن میں موجود ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاؤڈ سپیکر اور اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی ہے۔فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے سپیشل برانچ ،سی ٹی ڈی،ریسکیو 1122،فائر بریگیڈ، واپڈا، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ جوانوں کو جدید اسلحہ دے کر حساس ڈیوٹی پر خصوصی بریف کیا جائے گا،ڈیوٹی کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز پروگرام کے اختتام تک علاقے میں موجود رہیں گے،اہم مقامات پر پولیس کے سول پارچات میں ملبوس اہلکار مشکوک اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے،جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ ڈی پی او قدوس بیگ نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، پولیس کے لیے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مقدم ہیں۔