Live Updates

شہبازشریف کا 15 فروری سے پہلے وطن واپسی کا فیصلہ

صدر(ن) لیگ شہبازشریف نے رواں ماہ جنوری کے آخر میں وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب وہ 15فروری سے پہلے ہرحال میں پاکستان واپس آجائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 جنوری 2020 20:54

شہبازشریف کا 15 فروری سے پہلے وطن واپسی کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جنوری 2020ء) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے 15فروری سے پہلے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے بتایا کہ شہبازشریف نے رواں ماہ جنوری کے آخر میں آنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب وہ 15فروری سے پہلے پاکستان واپس آجائیں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم والا مسئلہ اب ختم ہوگیا ہے، تینوں بلز منظور ہوگئے ہیں،لیکن اب نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ ن لیگ کا بیانیہ جس میں یوٹرن آیا ہے ، کیا اب ن لیگ واپس اپنی جگہ پر آجائے گی۔

اسی طرح مریم نوازکے کیمپ کی جانب سے تاثر دیا جارہا ہے کہ وہ کسی یوٹرن کا حصہ نہیں ہے، لیکن مریم نواز کوکیوں مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا؟ اس کے ساتھ دوسری جانب حکومت بھی پریشان ہے۔

(جاری ہے)

جب بھی ایم این ایز سے ملتے ہیں وہ پوچھتے ہیں اب ہمارا کیا ہوگا؟ آرمڈ سروسز بلز کی منظور ی کے بعد اپوزیشن بہتر موڈ میں نظر آرہی ہے جبکہ اپوزیشن کی غیرمشروط حمایت سے حکومتی وزراء کیوں پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں میری ذرائع سے بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے رواں ماہ جنوری کے آخر میں آنے کا فیصلہ کیا ہوا تھا لیکن وہ 15فروری سے پہلے ہر حال میں پاکستان واپس آجائیں گے،جب میں نے ذرائع سے پوچھا کہ وہ بدلتے سیاسی حالات کے باعث پاکستان واپس آرہے ہیں، تو ایک قہقہ لگا ، جس سے ہم کچھ بھی اندازہ لگا سکتے ہیں۔ سینئر صحافی کاشف عباسی نے حکومتی وزراء اور پی ٹی آئی کے لوگوں کی پریشانی بارے بتایاکہ مجھ سے بھی جب پی ٹی آئی کے لوگ ملتے ہیں تو ایک سوال ضرورپوچھتے ہیں کہ کیا بنے گا؟ کیوں کہ ان کو لگتا ہے پاکستان میں ڈیل بہت جلد ہاجاتی ہے، جب بھی ڈیل ہوگی پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کو ایک ساتھ چلانے کی نہیں بلکہ کسی ایک کیلئے ہی ڈیل ہوگی۔

کیونکہ یہ سب اکٹھے تو چل نہیں سکتے۔پی ٹی آئی والوں کو پریشانی اسی بات کی ہے کہ جب ن لیگ اتنے ووٹ ڈال رہی ہے اور اب مزاحتمی سیاست سے نکل کرغیرمشروط حمایت پر آگئے ہیں، اس سے ایسے لگتا ہے کہ معاملات طے پا رہے ہیں۔ اگر کہیں بھی کوئی ڈیل ہوئی تو اس سے نقصان تحریک انصاف کا ہوگا۔اسی لیے وہ پریشان ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات