انسداد ِڈینگی مہم کو باقاعدگی سے جاری رکھیں اور لاروا کی تلاش کو یقینی بنایا جائے ، شعیب علی

جمعہ 17 جنوری 2020 14:46

انسداد ِڈینگی مہم کو باقاعدگی سے جاری رکھیں اور لاروا کی تلاش کو یقینی ..
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے اداروں پر زور دیا ہے کہ انسداد ِڈینگی مہم کو باقاعدگی سے جاری رکھیں اور لاروا کی تلاش کو یقینی بنائیں تاکہ معتدل موسم میں ڈینگی سے محفوظ رہا جاسکے ، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے کانفرنس روم میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا عبداللہ نیئر شیخ کی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حنیف ہنجراء، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سید ہاشم رضا، فوکل پرسن انسداد ِڈینگی ڈاکٹر طارق حسن کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فوکل پرسن ڈاکٹر طارق حسن نے بتایاکہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 20 افراد کو شک کی بنا پر تشخیص کے عمل سے گزارا گیا تاہم کسی ایک میں بھی ڈینگی لاروارپورٹ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے بتایاکہ صرف ایک یوم کے دوران چھ ویران عمارات 25کوڑے دان ‘ 22 مقامات سے کھڑے پانی کا اخراج ‘19فیکٹریاں‘ 4 فش فارم ‘3گودام‘98 قبرستان ‘ 23ہوٹل ‘ 5 گملے ‘9شادی ہال ‘ 141 مساجد ‘10گھاس کے میدان ‘7 نرسریاں اور25 دیگر مقامات کے علاوہ 142سکول ‘7سروس اسٹیشن ‘36 ٹائر شاپس‘11زیر تعمیر عمارات ‘49 تالاب ‘2 ورکشاپس میں لاروا کی تلاش کی گئی جبکہ 45 آگاہی سیمینار بھی کئے گئے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انسدادڈینگی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت پنجاب کے طے کردہ ایس او پیز کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔