برلن امن کانفرنس ،لیبیا میں عدم مداخلت ،الجہت کمیٹی کے قیام پر اتفاق

لیبیا میں جاری صورت حال سے عالمی امن اور سلامتی کو خطرات لاحق ہیں،کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری

پیر 20 جنوری 2020 13:14

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقدہ لیبیا امن کانفرنس میں شریک عالمی لیڈروں نے ایک کثیرالجہت کمیٹی کے قیام سے اتفاق کیا ہے جو لیبیا میں رونما ہونے والے واقعات پر نظر رکھے گی۔کانفرنس کے شرکاء نے لیبیا کے داخلی امور میں عدم مداخلت سے بھی اتفاق کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اینجیلا میرکل کی میزبانی میں منعقدہ اس ایک روزہ امن کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ لیبیا میں جاری صورت حال سے عالمی امن اور سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

خانہ جنگی کا شکار یہ ملک مسلح تنظیموں اور دہشت گرد گروپوں کے لیے ایک ’’زرخیز‘‘ سرزمین بن چکا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کی نگرانی میں اس کانفرنس میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن ، روس کے صدر ولادی میر پوتین، فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت مختلف عالمی لیڈروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد لیبیا میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے امن کوششوں کو مربوط بنانا تھا۔اس کا ایک بڑا مقصد لیبیا کے متحارب گروپوں پر اثرورسوخ کے حامل ممالک پر یہ زور دینا تھا کہ وہ ان کے لیے اپنی حمایت سے دستبردار ہوجائیں۔ وہ انھیں اسلحہ اور افرادی قوت (جنگجوؤں اور فوجیوں) کی شکل میں کمک مہیا کریں اور نہ مالی رقوم دیں۔