ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ نے ایم اے اور ایم کام کے سالانہ امتحانات برائے سال 2019ء کے نتائج کا اعلان

منگل 21 جنوری 2020 22:22

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ نے ایم اے اور ایم کام کے سالانہ امتحانات برائے سال2019ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات محبت خان کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 5828 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 2554 امیدوران کامیاب قرار پائے۔ ایم اے عربی میں غلام الله 956 نمبر، اکنامکس میں طاہر اقبال 811 نمبر، اسلامیات میں مدیحہ بی بی اور مجیب الرحمن 834، نمبر، پشتو میں کشمالہ گوہر 771، ہسٹری میں وقاص الله خان 735 نمبر، اردو میں سعدیہ عباسی 691 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ذولوجی میں فاطمة الزہرہ گرلز ڈگری کالج مانسہرہ کی ثماویہ بیگ نے 1014نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ایم کام میں گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کی انیزہ بشارت نے 1150 کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ تھے جبکہ مذکورہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

وائس چانسلر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنے کا عمل انسان کی پیدائش سے لے کر آخر تک جاری رہتا ہے اور اس حوالے سے آپ کے سامنے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور تحقیق کے میدان میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے کا ایک ارفع مقصد ہے جسے پورا کرنے کے لئے آپ نے پہلے سے بڑھ کر محنت کرنی ہوگی تاکہ آپ ملک و قوم اور معاشرے کے لئے قابل فخر اثاثہ ثابت ہوں ۔

وائس چانسلر نے کہا کہ انسانوں کے علاوہ تمام مخلوق ودیعت کردہ علم کے لئے ذریعے زندگی گذارتے ہیں جبکہ انسان اشرف المخلوقات ہونے کی حیثیت سے جستجو اور تحقیق کے ذریعے حاصل کردہ علم کی بدولت انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے ضروری ہے کہ آپ اپنے شعبوں میں مزید اعلیٰ تعلیم و تحقیق کا سفر جاری رکھیں ۔ وائس چانسلر نے ایم اے اورایم کام کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات سے مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے بے انتہا خوشی ہے کہ اللہ نے آپ کو محنت کا صلہ دیا ہے اور آپ نے اپنے عزم محنت اور اخلاص سے پوزیشنز حاصل کرکے اپنے والدین کے خوابوں کو تعبیر بخشی ہے جو نہ صرف آپ کے گھر والوں بلکہ ہزارہ یونیورسٹی کے لئے بھی ایک اعزاز ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی کا قیام اس علاقے پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے اور اس ادارے کی بدولت یہاں کے طلباء و طالبات اور سکالرز کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے مواقع مئسر آئے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس وقت ہزارہ یونیورسٹی 40سے زائد جدید ترین اور عصر حاضر سے مطابقت رکھنے والے تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں ملک بھر کے نوجوان طلباء و طالبات اور سکالرز کو علم و ہنر سے لیس کرنے کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل نوجوان بچے اور بچیاں زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آپ ہزارہ یونیورسٹی کے سفیر کی حیثیت سے یونیورسٹی کا اعلیٰ تعلیم تحقیق تخلیق اور تعمیر کا پیغام ہر جگہ پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اعلیٰ تعلیم و تحقیق کی غرض سے ہزارہ یونیورسٹی کی طرف راغب ہوں اور جدید علوم سے بہرہ مندہ ہوکر وطن عزیز کی خدمت کا فریضہ بطریق احسن سر انجام دے سکیں ۔تقریب کے اختتام پر پوزیش ہولڈر طلباء و طالبات میں اعزازی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف انتظامی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔