مصر کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کی خبر غلط نکلی

پاکستانی شہریوں کو ویزا اجرا پر کوئی پابندی عائد نہیں، درخواستوں پرکاروائی میں 6ہفتے کا وقت لگتا ہے، گزشتہ دو سالوں میں پاکستانیوں کے لئے مصر کے ویزے کے اجراء میں مسلسل اضافہ ہوا ہے: سفارتخانہ مصر

جمعہ 24 جنوری 2020 00:33

مصر کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کی خبر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2020ء) مصر کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کی خبر غلط نکلی، سفارتخانہ مصر نے وضاحت کی ہے کہ پاکستانی شہریوں کو ویزا اجرا پر کوئی پابندی عائد نہیں،  درخواستوں پرکاروائی میں 6ہفتے کا وقت لگتا ہے، گزشتہ دو سالوں میں پاکستانیوں کے لئے مصر کے ویزے کے اجراء میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے سفارتخانے کہاہے کہ مصر نے پاکستانی شہریوں کو ویزا اجرا پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔ ایک بیان میں سفارتخانہ مصر نے کہاکہ دفتر خارجہ کی ترجمان بھی اس کی تردید کرچکی ہیں جس کو سراہتے ہیں، مصر کے ویزا کا طریقہ کار سفارتخانے کی ویب سائٹ پر صراحت کے ساتھ موجود ہے۔ مصری سفارتخانہ نے کہاکہ مصر کے ویزا کی درخواستوں پرکاروائی میں 6ہفتے کا وقت لگتا ہے، گزشتہ دو سالوں میں پاکستانیوں کے لئے مصر کے ویزے کے اجراء میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سفارتخانہ نے کہاکہ صرف گزشتہ سال چار ہزار مصری ٹورازم اور بزنس ویزوں کا اجرا کیا گیا، پاکستان اور مصر کے درمیان عوامی رابطوں کو بہت اھمیت دیتے ہیں۔ سفارتخانہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوروں میں اضافے کے منتظر ہیں۔