بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہاتھی کے حملے میں 2 افراد ہلاک، 600 سکول بند

جمعہ 24 جنوری 2020 16:58

بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہاتھی کے حملے میں 2 افراد ہلاک، 600 سکول بند
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہاتھی کے حملے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے جس کے باعث ریاست میں جمعہ کو 600 سے زائد سکول بند رہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ضلع جئے پور کے ایجوکیسن آفیسر کروشنا چندرا نائیک نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز لمبے نوک دار دانتوں والے ہاتھی کے حملے سے 2 افراد ہلاک ہونے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر کوری، داناگڑی اور سوکندا میں جمعہ کو 600 سے زائد سکولوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کیے اور یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ہاتھی کے حملے کے باعث ضلع میں بڑی تعداد میں سکول بند کیے گئے ہیں ۔

اڑیسہ کے والڈ لائف حکام نے کہا کہ 10 سالہ ہاتھی چند روز قبل ضلع کیونجھر سے اپنے ساتھیوں سے بچھڑ گیا تھا جس پر دیہات کے لوگوں نے پٹاخے پھوڑنے اور مشعلیں جلا کر اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ سنکاچلا گائوں بھاگ گیا جہاں اس نے 62 سالہ چنتامنی رام اور 55 سالہ ایسور داس پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران ہاتھی سے بچنے کی کوشش میں بھگدڑ سے 10 افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

کٹاک ڈویژن فاریسٹ آفیسر سودرشن پترا نے بتایا کہ ہاتھی نے 5روز قبل ضلع جئے پور کے ایک گائوں میں 56 سالہ قبائلی شخص اور 2 بچیوں پر حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہاتھی کو ڈھونڈے کے لیے محکمہ جنگلات کی 70 افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :