دوسرا ٹی ٹونٹی، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے137رنز کا ہدف دیدیا

تمیم اقبال کی نصف سنچری،

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 جنوری 2020 15:43

دوسرا ٹی ٹونٹی، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے137رنز کا ہدف دیدیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2020ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو کامیابی کے لیے137رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم،لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہ رہا اور محمد نعیم صفر کی خفت سے دوچار ہوکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، مہدی حسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور حسنین کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ،لٹن داس صرف 8 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، تمیم اقبال اور عفیف حسین نے چوتھی وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے جس کے بعد عفیف کو حسنین نے اپنا شکار بنالیا ،تمیم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 65 رنز بنا کر مسلسل دوسرے میچ میں رن آئوٹ ہوگئے، کپتان محمود اللہ 12 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، پہلے ٹی ٹونٹی کی طرح دوسرے میچ میں بھی شرکت کے لیے شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم پہنچی اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے مختلف پلے کارڈز بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرنے والی قومی ٹیم میں دوسرے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور محمد متھن کی جگہ مہدی کو شامل کیا گیا ہے۔گزشتہ روز کھیلے گئے پہلی ٹیم میں پاکستان نے مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے گرین شرٹس کو 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جسکے جواب میں گرین شرٹس نے شعیب ملک کی نصف سنچری اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے احسن علی کے 36 رنز کی بدولت مذکورہ اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔آج کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستانی ٹیم بابر اعظم(کپتان)، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جبکہبنگلہ دیشی ٹیم میں محموداللہ(کپتان)، تمیم اقبال، محمد نعیم، مٹن داس، مہدی حسن، سومیا سرکار، عفیف حسین، امین الاسلام، الامین حسین، شفیع الاسلام اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں-