پرزنرز اور سائیٹ کمیٹی کے اراکین کاڈی آئی جی کی قیادت میں جیل کے مختلف حصوں کا دورہ

کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں قیدیوں کے ساتھ ساتھ جیل ملازمین کے مسائل کے حل کا بھی جائزہ لیا جائے گا

بدھ 29 جنوری 2020 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2020ء) سنٹرل جیل میانوالی میں پرزنرز اور سائیٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت ڈی آئی جی جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سرگودھا نوید رؤف چوہدری نے کی۔اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ جیل میانوالی منصور اکبر سمرا،سول سوسائٹی کے معززین اور مخیر حضرات جن میں پرنسپل نمل انسٹیٹیوٹ میانوالی جہان خان، سوشل ورکرمحمد طارق، سماجی کارکن فیصل عبیداللہ کے علاوہ ڈاکٹر طوبہ فیصل نے شرکت کی۔

کمیٹی اراکین نے ڈی آئی جی کی قیادت میں جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔قیدیوں کی فراہم کی گئی سہولیات کو سراہا،جیل کے مسائل کے حل اور مزید سہولیات کی فراہمی جس میں قیدیوں کے جرمانوں،دیت وغیرہ کا انتظام کرنا،مستحق اور نادار قیدیوں کے لیے گرم کپڑوں،تیل اور صابن وغیرہ کے ساتھ ساتھ فری لیگل ایڈ کی فراہمی اور میڈیکل کیمپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ،معیاری ادویات کی فراہمی کے لئے مخیر حضرات کے تعاون سے فری میڈیسن سٹور کے قیام کے لیے جیل انتظامیہ کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے آئندہ اجلاس اگلے ماہ ہو گا جس میں قیدیوں کے ساتھ ساتھ جیل ملازمین کے مسائل کے حل کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور معزز اراکین و سول سوسائٹی کے مخیر حضرات کے ذریعے فلاح وبہبود کے مختلف منصوبے زیر غور آئیں گے۔