پاکستان بنگلہ دیش میچ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات، 5 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے جائیں گے، سی پی او راولپنڈی

بدھ 29 جنوری 2020 17:46

پاکستان بنگلہ دیش میچ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات، 5 ہزار پولیس ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2020ء) راولپنڈی پولیس نے پاکستان بنگلہ دیش میچ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، سہ جہتی سکیورٹی حصار کی براہ راست نگرانی سی پی او راولپنڈی کریںگے،ایلیٹ، ڈولفن، محافظ سکواڈ سمیت پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو میچ کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیاجائے گا ۔

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بنگلہ دیش میچ کی فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایاجا رہا ہے اور اس ضمن میں راولپنڈی پولیس مکمل پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی پلان ترتیب دیا جاچکا ہے اور تمام ذمہ دار افسران اور جوانوں کی خصوصی بریفنگ بھی شروع کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

احسن یونس نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی اعلیٰ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پا س ہو گی جبکہ دوران میچ سٹیڈیم کے اطراف اور اندر سیکورٹی فرائض راولپنڈی پولیس کے افسران اور اہلکار سرانجام دیں گے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کے سخت ترین احکامات دیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں بین الاقوامی میچز کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر ملکی وقار بلند ہوا ہے اورشاندار سکیورٹی انتظامات کی بدولت اعتماد کی بحالی پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعزاز ہے ۔سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس نے بتایاکہ 7 سے 11فروری تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری رہنے والے کرکٹ میچ کے دوران سکیورٹی کے فرائض انجام دینے کے لیے 500 پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعیناتی کا پلان تیار کیا گیاہے ۔