پاکستان کرکٹر حارث روف آسٹریلین بگ بیش لیگ 2020 کی بہترین ٹیم میں شامل کر لیے گئے

فاسٹ باولر کو ٹورنامنٹ کی دریافت بھی قرار دے دیا گیا، اب تک محض 7 میچز میں 11 کی اوسط سے 16 وکٹیں حاصل کر چکے

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 جنوری 2020 01:15

پاکستان کرکٹر حارث روف آسٹریلین بگ بیش لیگ 2020 کی بہترین ٹیم میں شامل ..
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جنوری2020ء) پاکستان کرکٹر حارث روف آسٹریلین بگ بیش لیگ 2020 کی بہترین ٹیم میں شامل کر لیے گئے، فاسٹ باولر کو ٹورنامنٹ کی دریافت بھی قرار دے دیا گیا، اب تک محض 7 میچز میں 11 کی اوسط سے 16 وکٹیں حاصل کر چکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوان کرکٹر حارث روف کو آسٹریلین بگ بیش لیگ 2020 کی دریافت قرار دے دیا گیا ہے۔

جبکہ نوجوان فاسٹ باولر کو ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ حارث روف پاک بنگلہ دیش سیریز کے باعث پاکستان واپس آ گئے تھے، تاہم اب پھر سے ان کی بگ بیش لیگ میں واپسی ہوئی ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے فائنل مرحلے میں شرکت کریں گے۔ حارث روف نے اب تک ٹورنامنٹ کے صرف 7 ہی میچز کھیلے ہیں لیکن وہ پھر بھی ٹاپ 5 وکٹیں حاصل کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حارث رؤف بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کے بعد آسٹریلین میڈیا ان کا مداح ہو گیا ہے۔ بگ بیش لیگ میں اب تک کسی دوسرے کھلاڑی کو اتنی توجہ نہیں دی گئی جتنی حارث روف کو ملی۔ آسٹریلین میڈیا حارث رؤف کو شعیب اختر کا متبادل اور پاکستان کا نیا راولپنڈی ایکسپریس قرار دے رہا ہے۔

جبکہ اپنی شاندار کارکردگی کے حوالے سے حارث رؤف کا کہنا ہے کہ میرا خواب تھا کہ میں بگ بیش کھیلوں، میرا خواب سچ ثابت ہو گیا ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ میں گزشتہ دو سالوں سے سڈنی سکسرز کے ساتھ ٹریننگ کر رہا تھا اور بی بی ایل کھیلنے کے لیے بہت پرجوش تھا۔انہوں نے کہا کہ میلبرن اسٹارز نے مجھے موقع دیا، مین آف دی میچ کو میں اپنی فیملی اور لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کے نام کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

انہوںنے کہاکہ میں اسٹریٹ کرکٹ کھیل رہا تھا، مجھے لاہور قلندرز نے پلیٹ فارم دیا، لاہور قلندرز اور پھر میلبرن اسٹارز نے موقع دیا، دونوں کا شکر گزار ہوں۔ حارث رؤف نے کہا کہ مجھے ڈیل اسٹین کی جگہ موقع ملا، ڈیل اسٹین میرے آئیڈیل اور لیجنڈ بولر ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں لاہور قلندرز کی اکیڈمی میں دو برسوں سے ٹریننگ کر رہا ہوں، عاقب جاوید نے میرے ساتھ بہت محنت کی ہے، تیز رفتاری کی کھیل میں بڑی اہمیت ہو تی ہے میں نے اس پر توجہ دی ہے۔