چین میں کورونا وائرس کے علاج کی انسانی آزمائش شروع

نئی ویکسین کی آزمائش طبی ٹیم بیجنگ میں چائنا جاپان فرینڈ شپ ہسپتال میں کورونا وائرس کی نئی قسم پر کررہی ہے،رپورٹ

منگل 4 فروری 2020 12:32

چین میں کورونا وائرس کے علاج کی انسانی آزمائش شروع
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2020ء) چین نے ووہان سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل جانے والے 2019 ناول کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے ایک دوا کی آزمائش شروع کردی ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق Remdesivir نامی یہ اینٹی وائرل دوا گیلاڈ سائنسز انکارپوریشن نے تیار کی ہے جس کا مقصد وبائی امراض جیسے ایبولا اور سارس پر قابو پانا ہے اور اب اس کی آزمائش ایک طبی ٹیم بیجنگ میں چائنا جاپان فرینڈ شپ ہسپتال میں کورونا وائرس کی نئی قسم پر کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوا کی آزمائش ووہان میں بھی کی جائے گی جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا اور اب تک صرف چین میں ہی 360 سے زائد افراد ہلاک اور 17 ہزار سے زائد بیمار ہوچکے ہیں جبکہ یہ دیگر 24 ممالک تک بھی پہنچ چکا ہے۔ادویات بنانے والی کمپنیاں جیسے گلیکسو اسمتھ کلن کے ساتھ ساتھ چینی حکام کی جانب سے اس نئے وائرس کی روک تھام کے لیے بہت تیزی سے ویکسینز اور تھراپیز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے، اور Remdesivir کے انسانوں پر اثرات اس وائرس کے خلاف اب تک حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں، جس کے لیے ابھی کوئی مخصوص طریقہ علاج یا ویکسین دستیاب نہیں۔