کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے، تمام ایئر پورٹس پر تربیت یافتہ ہیلتھ سٹاف کا اضافہ کر دیا ہے جس سے سکریننگ کا نظام بہتر ہو گا،

پاکستان میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کرونا وائرس ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس

جمعرات 6 فروری 2020 16:52

کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے، تمام ایئر پورٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے، تمام ایئر پورٹس پر تربیت یافتہ ہیلتھ سٹاف کا اضافہ کر دیا ہے جس سے سکریننگ کا نظام بہتر ہو گا، پاکستان میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کرونا وائرس ایمرجنسی کور گروپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجرجنرل عامر اکرام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کkہo کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور کرونا وائرس سے نمٹنے کی جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ ایئرپورٹ پر سکریننگ کے نظام کی خود نگرانی کرتا رہوں گا تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام ایئرپورٹس پر تربیت یافتہ ہیلتھ سٹاف کا اضافہ کر دیا ہے، ہیلتھ سٹاف کے بڑھانے سے سکریننگ کا نظام مزید بہتر ہو گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزارت صحت میں قائم ایمرجنسی آپریشن سیل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے ایمرجنسی کرونا وائرس کور گروپ لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر غور حوض کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں میں ممکنہ کیسز کے پیش نظر علیحدہ وارڈز مختص ہیں، پاکستان میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے، وفاقی حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر موثر اقدامات کئے ہیں۔