مکہ کی رہائشی عمارت میں خوفناک آتش زدگی، ایک شخص جاں بحق

آگ العتبیہ کے ایک فلیٹ میں لگی تھی، جس کے باعث ایک غیر مُلکی شخص جھُلس کر ہلاک ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 فروری 2020 11:14

مکہ کی رہائشی عمارت میں خوفناک آتش زدگی، ایک شخص جاں بحق
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2020ء) سعودی مملکت میں آتش زدگی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی مکہ مکرمہ میں آتش زدگی کے ایک واقعے کے نتیجے میں ایک غیر مُلکی شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے علاقے العتیبہ میں ایک رہائشی عمارت میں آگ بھڑکنے کے نتیجے میں ایک شخص اپنی جان سے محروم ہو گیا ہے۔

محکمہ شہری دفا ع کے ترجمان کرنل محمد عثمان القرنی نے بتایا کہ کنٹرول روم کو اطلاع مِلی تھی کہ العتیبہ کی ایک عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی ہے ۔ جس کے بعد امدادی اہلکار فوری طورپرجائے حادثہ پر روانہ کر دیئے گئے۔چار منزلہ عمارت کی گراؤنڈ فلور پر واقع ایک فلیٹ میں لگنے والی آگ کو خاصی تگ و دو کے بعد بُجھا لیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم جب شہری دفاع کے اہلکار اس فلیٹ میں داخل ہوئے تو وہاں پر مقیم ایک شخص کی جھُلسی ہوئی لاش مِلی۔

یہ بدنصیب شخص تارکِ وطن تھا جو روزگار کی غرض سے مملکت میں مقیم تھا۔ فی الحال یہ نہیں بتایا گیا کہ مرنے والے کا تعلق کس ملک سے ہے۔ تفتیشی ادارے کی جانب سے فلیٹ میں لگنے والی آگ کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران ہی جدہ کے مصروف کاروباری علاقے العزیزیہ میں بھی ایک الیکٹرک مارکیٹ کی ایک دُکان میں آگ بھڑک اُٹھی۔

یہ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے باعث دُکاندار اور سامان خریدنے آنے افراد بھی اپنی جانیں بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ الیکٹرک اشیاء کی خرید و فروخت کے لیے مشہور مارکیٹ’سوق الغراب‘ العزیزیہ کے علاقے کی شارع بلدیہ پر واقع ہے۔ جہاں گزشتہ روز سوا تین بجے سہ پہر کو اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔

شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ آگ بُجھانے کے مستعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے کارروائی شروع کر دی جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسے مکمل طور پر بُجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ آخر کار کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بظاہر یہ آگ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ لگتی تھی۔