نیب کا ترمیمی آرڈیننس کے تحت کیسز ختم کرنے کی اپیلوں کی مخالفت کا فیصلہ

نیب نے تمام بااثر اور بڑے ملزمان کی بریت درخواستوں کیخلاف جوابات تیار کرلیے

ہفتہ 22 فروری 2020 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) قومی احتساب بیورو نے متعدد ملزمان کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت کیسز ختم کرنے کی درخواستوں کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے، نیب نے تمام بااثر اور بڑے ملزمان کی بریت درخواستوں کیخلاف جوابات تیار کرلیے۔نجی ٹی وینے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ نیب کے مطابق میگا کرپشن کیسز کے ملزمان کو بری کرنے کی 100 درخواستوں کی مخالفت کی جائیگی، میگا منی لانڈرنگ، جعلی بنک اکاونٹس، رینٹل پاورکیسز میں بریت کی درخواستوں کے جواب تیار کرلیا گیا، جس میں کہا گیا کہ راجہ پرویز اشرف نے رینٹل پاور منصوبوں سے قومی خزانہ کو اربوں نقصان پہنچایا، عدالت سے راجہ پرویزاشرف کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

رینٹل پاور ریفرنس کے دیگر ملزمان مسعود چشتی، شمائلہ محمود کی درخواستوں پر بھی نیب نے مخالفت کی، قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں دونوں ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کی ہے۔نیب ذرائع کے مطابق لیاقت جتوئی، اکرم درانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف بھی نیب اپنا جواب جلد جمع کروائیگا۔ جعلی اکاونٹس کیس کے ملزم عبدالغنی مجید کی درخواست بریت مسترد کرنے کیلئے نیب جواب جمع کروا چکا ہے۔خیال رہے نیب ترمیمی آرڈینننس کے تحت بریت کی دائر درخواستوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہیں۔