ایران کے نائب وزیر صحت، رکن پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق

مجھ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مجھے امید نہیں کہ زیادہ عرصہ زندہ رہ سکوں گا،رکن پارلیمنٹ

بدھ 26 فروری 2020 12:54

ایران کے نائب وزیر صحت، رکن پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) ایران میں نائب وزیر صحت اِرج حریرچی اور رکن پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے۔دوسری جانب ایرانی عوام نے تشویش کا اظہار کیا کہ حکام کورونا وائرس کی وبا کی شدت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔چین کے بعد ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ چین میں گزشتہ برس دسمبر سے لے کر اب تک 2 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایران کے رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ مجھ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مجھے امید نہیں کہ زیادہ عرصہ زندہ رہ سکوں۔علاوہ ازیں نائب وزیر صحت اِرج ہریرچی نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی۔وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہاں پور نے بتایا کہ مشتبہ افراد میں سے 35 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی اور وائرس کے انفیکشن سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 95 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہے تاہم بعد ازاں ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا کہ مزید ایک شخص سیہا نامی شہر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہوا۔دوسری جانب غیر تصدیق شدہ رپورٹس میں ہلاک شدگان کی تعداد زیادہ بتائی گئی۔