شام کےعلاقےادلب میں فضائی حملہ، 29 ترک فوجی جاں بحق، 36 زخمی

صدر رجب طیب اردوان کی زیر صدارت قومی سلامتی کا ہنگامی اجلاس جاری، وزراء اور فوجی حکام کی شرکت

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 28 فروری 2020 05:01

شام کےعلاقےادلب میں فضائی حملہ، 29 ترک فوجی جاں بحق، 36 زخمی
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری 2020ء) شام کےعلاقےادلب میں فضائی حملہ، 29 ترک فوجی جاں بحق۔ صدر رجب طیب اردوان کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس جاری، وزراء اور فوجی حکام کی شرکت۔
تفصیلات کے مطابق شام کے علاقے ادلب میں ترک فوج پر ہونے والے ایک خوفناک فضائی حملے کے نتیجے 29 ترک فوجی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 36 زخمی ہوئے ہیں۔

معروف ترک اخبار صبا کے مطابق اس وقت ترک صدر کی زیر صدارت انقرہ میں قومی سلامتی کا ہنگامی اجلاس جاری ہے جس میں اعلیٰ عہدیدار شریک ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق ترک حکام نے بتایا ہے کہ ادلب کے علاقے میں تعینات ترک فوجیوں پر ہونے والا حملہ شامی افواج نے کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا تھا کہ ترک فوج ادلب میں شامی فورسز کو ان کی چوکیوں سے رواں ہفتے پسپا کر دے گا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایردوان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا، جب شامی فورسز روسی فضائی مدد کے ذریعے ادلب میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس عسکری پیش قدمی کی وجہ سے شامی صوبے ادلب سے قریب ایک ملین افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ ترکی اس خطے میں باغیوں کی امداد کے لیے اپنے سینکڑوں فوجی تعینات کر چکا ہے۔