پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارت کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم

دو طرفہ محاذ پر مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان سعودی سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے میں ولی عہد کی گہری دلچسپی کی قدر کرتا ہوں؛ شہبازشریف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 ستمبر 2025 11:04

پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارت کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ..
ریاض/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ میرے عزیز بھائی ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے ریاض کے سرکاری دورے پر ملنے شاندار استقبال نے دل موہ لیا جس پر میں تہہ دل سے سعودی ولی عہد کا شرگزار ہوں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ رائل سعودی ایئرفورس کے جیٹ طیاروں کی طرف سے میرے طیارے کو فراہم کردہ بے مثال حفاظت سے لے کر سعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند گارڈ آف آنر تک یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائی جانے والی محبت اور باہمی احترام کا اظہار کرتا ہے۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ سعودی ولی عہد کے ساتھ میری آج کی اہم ترین بات چیت میں علاقائی چیلنجوں کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے وسیع سلسلے کا احاطہ کیا گیا، میں شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور قیادت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہوں جو وہ مسلم دنیا کو فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ محاذ پر میں سعودی ولی عہد کی مسلسل حمایت اور ہمارے دونوں ممالک کے درمیان سعودی سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے میں ان کی گہری دلچسپی کی قدر کرتا ہوں، میری دلی دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی فروغ پاتی رہے اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھوئے۔

 
علاوہ ازیں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے مملکت سعودی عرب کے دورے کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد و وزیر اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 17 ستمبر 2025 بمطابق 25/3/1447 ہجری کو مملکت سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے آغاز میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے خیرمقدم کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر تبادلہ خیال کیا، مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، بھائی چارہ اور اسلامی یکجہتی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون موجود ہے۔

اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) پر دستخط کیے، یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے، معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔