چیئرمین نیب اور بیورو کے خلاف مرکزی کیس جلد مقرر کرنے کیلئے دائر متفرق درخواست منظور

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست9 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیدیا

جمعہ 28 فروری 2020 19:31

چیئرمین نیب اور بیورو کے خلاف مرکزی کیس جلد مقرر کرنے کیلئے دائر متفرق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نیب اور بیورو کیخلاف مرکزی کیس جلد مقرر کرنے کے لیے دائر متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے درخواست9 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے قانون دان اے کے ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ چیئرمین نیب کا تقرر وزیراعظم اور کابینہ کی ہدایت ملنے کے بعد صدر پاکستان کا اختیار ہے ،صدر پاکستان نے چیئرمین نیب کے تقرر وزیراعظم اور کابینہ کی ہدایت کے بغیر ازخود کی اور بعد میں مشاورت کی۔

آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق صدر پاکستان وزیراعظم اور کابینہ کے بغیر کوئی بھی کام نہیں کر سکتا،نیب آرڈیننس 1999 کی شق 6 بی آئین کے آرٹیکل 48 سے منافی ہے اس کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ استدعا ہے کہ عدالت چیئرمین نیب کا تقرر کالعدم قرار دے کر عہدے سے ہٹانے حکم دے اورنیب کے خلاف مرکزی کیس جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے۔