کرونا وائرس کا خطرہ، فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر نہ کرنے کی ہدایت

ملائیشیا، جاپان، تھائی لینڈ، تائیوان، فلپائن ، اٹلی کا سفر کرنے والے فلسطینیوں کی 14دن تک طبی جانچ کی جائیگی

ہفتہ 29 فروری 2020 16:49

کرونا وائرس کا خطرہ، فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر نہ کرنے کی ہدایت
رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) فلسطینی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے پھیلتے خطرات کے پیش نظر فلسطینیوں کو غیر ضروری طور پر بیرون ملک سفر کرنے بالخصوص کرونا سے متاثرہ ممالک کے سفر سے گریزکی ہدایت کی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہری بیرون ملک تقریبات اور اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک فلسطین میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔فلسطینی وزات صحت نے کرونا وائرس کے شبے میں 100 افراد کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے اوران کی رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ وہ کرونا سے محفوظ ہیں۔قبل ازیں فلسطینی وزارت صحت نے کرونا کے متاثرہ ممالک چین، جنوبی کوریا، سنگاپور، ایران،عراق، لبنان اور شام کے باشندوں کو فلسطین میں داخلے سے روک دیا تھا۔ اسی طرح ملائیشیا، جاپان، تھائی لینڈ، تائیوان، فلپائن اور اٹلی کا سفر کرنے والے فلسطینیوں کی بھی 14 دن تک طبی جانچ کی جائیگی۔