بنوں کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ برادری بھی میدان میں کود پڑی

بدھ 11 مارچ 2020 12:51

بنوں کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ برادری بھی میدان میں کود ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2020ء) بنوں کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ برادری بھی میدان میں کود پڑی۔ سینئر ٹرانسپورٹر حاجی محمد زمان اعوان نے یونس خان ا ور پولیس ٹرانزٹ ٹیموں کے ہمراہ نیو جنرل بس سٹینڈ میں دوسرے شہروں کیلئے سفر کرنے والے والدین کے ہمراہ آئے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مسافروں اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک مہلک مرض ہے، جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی کیونکہ یہ مرض لاعلاج ہے اختیاطی تدابیر کے ذریعے اور اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے ہی ہم اپنے آنے والی نسلوں کو پولیو سے بچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنا اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئندہ بات ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام میں بھی اب شعور آگیا ہے اور نیو جنرل بس سٹینڈ میں قبائلی ضم شدہ اضلاع کے والدین نے بھی اپنے بچوں کو بخوشی پولیو کے قطرے پلائے ، اگر عوام کا اسی طرح تعاون جاری رہا تو بہت جلد پاکستان میں پولیو کو شکست ہوگی۔

متعلقہ عنوان :