جلالپور بھٹیاں،دوسگے بھائی اغواء،ایک کی لاش کھیتوں سے نیم برہنہ حالت میں مل گئی

منگل 17 مارچ 2020 20:26

جلالپور بھٹیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) جلالپور بھٹیاں میں 2سگے بھائیوں زمان اختر اور علی حمزہ اغواء، علی حمزہ کی لاش صبح کھیتوں سے مل گئی۔ ڈی پی او حافظ آباد نے ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے 2خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ مشتبہ افراد سے پوچھ گوچھ اور CCTVکیمروں کی فوٹیج تفتیشی عمل کا حصہ۔ رواں سال کے دوران بچوں سے زیادتی کے 11مقدمات درج ہوئے جن میں سے 10مقدمات ٹریس کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اس گھنائونے واقعے میں ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی پی او حافظ آباد بلال افتخار۔تفصیلات کے مطابق محلہ اقبال پورہ جلالپوربھٹیاں کے رہائشی اختر علی نے تھانہ میں درخواست دی کہ گزشتہ شام اس کے دو بیٹے زمان اختر بعمر 15/16سال اور علی حمزہ بعمر 13/14سال گزشتہ شام سبزی لینے کیلئے بازار گئے جن کو 4کس نامعلوم اشخاص نے قتل کرنے کی نیت سے اغواہ کر لیا۔

(جاری ہے)

تھانہ جلالپور بھٹیاں پولیس نے فوری طور پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا اور دونوں لڑکوں کی تلاش شروع کر دی۔تلاش کے دوران ایک لڑکے علی حمزہ کی لاش کھیتوں سے نیم برہنہ حالت میں مل گئی۔پولیس نے پنجاب فرانزک سائینس ایجنسی کی ٹیم کو موقع پر بلوا کر شواہد اکھٹے کیے۔ ڈی پی او حافظ آباد بلال افتخار اور ضلع کے دیگر اعلی پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ڈی پی او حافظ آباد نے واقع کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او صدر سرکل اور ایس ڈی پی او پنڈی بھٹیاں سرکل کی سربراہی میں دو مختلف ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ جبکہ ایس ایچ او جلالپور کو معطل کر کے ایس ایچ او صدر حافظ آباد عروج عباس کو ایس ایچ او جلالپور بھٹیاں تعینات کر دیا گیا۔ ڈی پی او حافظ آباد بلال افتخار نے لڑکوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور انکو یقین دہانی کروائی کہ اس گھناؤنے واقع میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اس موقع پر میڈیاء سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران بچوں کے ساتھ بد فعلی کے 11مقدمات درج ہوئے جن میں 10مقدمات کو ٹریس کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیاہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں جلالپور بھٹیاں میں دو کمسن بچوں کے ساتھ بدفعلی کے واقع میں ملوث ملزم محمد مدنی اور 6سالہ بچی کو اغواء کر کے قتل کرنے والے ملزم ذیشان کو پولیس نے فوری طور پر گرفتار کیا۔