سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا سعودی عوام سے خطاب

وباء پھیلنے کے اگلے مرحلے میں عالمی سطح پر مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا، حکومت اس وبائی مرض سے لڑنے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات اٹھائے گی :خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 19 مارچ 2020 23:30

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا سعودی عوام سے خطاب
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ2020) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں جاری کورونا وائرس کے وباء کے حوالے سے سعودی عوام سے خطاب کیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عوام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی جنگ میں طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت اس وبائی مرض سے لڑنے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکام اس وباء کے دوران شہریوں اور ریاست کے باشندوں کو درکار ہر چیز کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور کہا کہ وہ قوم کی صحت کے تحفظ کے لئے ہر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وباء پھیلنے کے اگلے مرحلے میں عالمی سطح پر مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا لیکن مملکت اپنے لوگوں کیلئے تمام تر اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آگئے، مملکت میں وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی، وائرس پر قابو پانے کیلئے ملک کو لاک ڈاون کیا جا چکا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا (کوویڈ 19) کے 67 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 238 ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں کل نماز جمعہ نہیں ہوگی بلکہ ظہر کی اذان دی جائے گی اور تمام لوگ اپنے گھروں میں نمازِ ظہر اداکریں گے۔

وزارت اسلامی امور نے نے بتایا ہے کہ کل جمعہ کو مساجد میں نماز جمعہ کی طرح دو اذانوں کے بجائے صرف ظہر کی اذان دی جائے گی تاہم فیصلے سے حرمین شریفین کو استثنیٰ ہے جہاں جمعے کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل ظہر کی نماز گھروں میں انفرادی طور پر ادا کریں۔