وزیرصحت پنجاب کاوزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام شروع کرنے کااعلان

جمعہ 27 مارچ 2020 21:16

وزیرصحت پنجاب کاوزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام شروع کرنے کااعلان
لاہور۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے وزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام شروع کرنے کااعلان کر دیا ہے۔ وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے وزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام کے تحت رضاکاربھرتی کرنے کے احکامات محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمحمداجمل بھٹی، سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن سلوت سعید، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرعاصم الطاف، ایڈیشنل سیکرٹری سلمان شاہد، وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرعامرزمان خان، میاں زاہد، عبدالرزاق، ڈاکٹرخالدمحموداوردیگرافسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام میں بھرتی کے عمل کی تمام نگرانی محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کرے گا۔وزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام کیلئے محکمہ میں ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے پنجاب میں کوروناوائرس کے کنفرم اورمشتبہ مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالہ سے انتظامات کاجائزہ بھی لیا۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعلیٰ مجاہدرضاکار فورس پروگرام میں رضاکارہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اورمریضوں کی دیکھ بھال کے ذمہ دارہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے حکم کے مطابق موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزیدڈاکٹرزکی بھرتی کاعمل شروع کیاجارہاہے۔ حکومت کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ترطبی سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے۔ کوروناوائرس کے کنفرم اورمشتبہ مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ نجی ہسپتالوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کیلئے بسترمختص کروائے جارہے ہیں۔ کوروناوائرس پر قابوپانے کیلئے کسی قسم کی کسراٹھانہیں رکھی جارہی۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکوروناوائرس کے مریضوں کی دن رات خدمت میں مصروف ہیں۔