سعودی عرب میں مزید 3 ہزار افراد میں کورونا وائرس کا شُبہ

وزارت صحت کے مطابق خود کار ٹیسٹ سے ہزاروں افراد میں کورونا وائرس سے مشابہہ علامات ظاہر ہوئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 28 مارچ 2020 11:00

سعودی عرب میں مزید 3 ہزار افراد میں کورونا وائرس کا شُبہ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ 2020ء) سعودی مملکت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی 12 سو کے لگ بھگ ہو چکی ہے۔سعودی گزٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ مملکت بھر میں خود کار کورونا ٹیسٹ سسٹم (مووید ایپلی کیشن) کی بدولت ایک لاکھ 76 ہزار مقامی اور تارکین وطن کے ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

اس خود کار ٹیسٹ کے نتیجے میں 20 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جو ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ تاہم تین ہزار کے قریب افراد کے ٹیسٹ سے خدشہ ظاہر ہو رہا ہے کہ یہ کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ ان میں پائی جانے والی علامات کورونا کی بیماری سے خاصی مشابہہ ہیں۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

اگلے چند روز میں ان مشتبہ مریضوں کے بارے میں صورت حال واضح ہو گی۔ان مشتبہ مریضوں سے مکمل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کا چند روز بعد ایک اور ٹیسٹ کر کے انہیں مطلوبہ صحت سہولیات مہیا کی جا ئیں۔ جبکہ 27 سو افراد ایسے ہیں، جن میں کورونا وائرس کی علامات زیادہ واضح نہیں ہیں، اور ان کے بارے میں یہی امکان ہے کہ یہ کورونا سے متاثر نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مملکت میں مزید 92 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی 1104 تک پہنچ گئی ہے۔ نئے تشخیص شدہ مریضوں میں سے 10 بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 82افراد مملکت میں پہلے سے موجود کورونا مریضوں سے میل جول اور رابطے کے باعث اس موذی مرض کا شکار ہوئے۔ متاثرہ افراد میں زیادہ تر کی حالت مستحکم ہے، جنہیں کورونا کے علاج کے لیے مخصوص طبی مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔