صوبہ بھر میں فروٹ اور سبزی منڈیاں معمول کے مطابق کھلی ہیں، اشیاء کی کوئی قلت نہیں، ملک نعمان احمد لنگڑیال

پیر 30 مارچ 2020 16:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں فروٹ اور سبزی منڈیاں معمول کے مطابق کھلی ہیں اور محکمہ زراعت کا عملہ پنجاب ایگریکلچرل ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) کے چیئرمین نوید انور بھنڈر کی قیادت میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والے معاشرے کے دشمن ہیں جن سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پنجاب بھر کی فروٹ اور سبزی منڈیوں کے دورے کررہے ہیں جس کا مقصد طلب اور رسد کا جائزہ لینا ہے۔ صوبہ بھر میں سبزیوں سمیت دیگر اشیائے خوردو نوش کی کوئی قلت نہیں اور اس سلسلہ میں صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہے۔ جہاں سے بھی شکایت ملے گی بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔

متعلقہ عنوان :