برطانیہ میں سب سے کم عمر 13 سالہ اسماعیل محمد عبدالوہاب کورونا وائرس سے جاں بحق

مرحوم وہاب کے والد کینسر کی وجہ سے پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں، بچے کی تدفین کے لیے گھر والے امداد کے منتظر

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 1 اپریل 2020 05:43

برطانیہ میں سب سے کم عمر 13 سالہ اسماعیل محمد عبدالوہاب کورونا وائرس ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 01 اپریل 2020ء) برطانیہ میں سب سے کم عمر 13 سالہ اسماعیل محمد عبدالوہاب کورونا وائرس سے جاں بحق۔ مرحوم وہاب کے والد کینسر کی وجہ سے پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں، بچے کی تدفین کے لیے گھر والے امداد کے منتظر۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک 13 سالہ بچہ اسماعیل محمد عبدالوہاب کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جان کی بازی ہار گیا ہے۔

عبدالوہاب کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والا برطانیہ کا کم عمر ترین بچہ ہے۔ اسماعیل محمد عبدالوہاب کا تعلق بریکسٹن سے تھا۔ بچے کا انتقال کنگ کالج اسپتال میں ہوا جہاں اس کے پاس کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی بھی گھر کا فرد موجود نہیں تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق اسماعیل محمد اس سے قبل کسی بھی قسم کی بیماری کا شکار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسماعیل میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں جس کے باعث اس کو سانس لینے میں دقت پیش آ رہی تھی، پھر اس کو کنگ کالج اسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا جہاں اس کا انتقال ہو گیا ہو گیا ہے۔

  
خبر رساں ادارے کے مطابق کنگ کالج اسپتال کے ترجمان نے بچے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج کا اظہار کیا۔ اسماعیل کی بہن جو کہ مدینہ کالج میں تدریسی فرائض انجام دیتی ہے نے بتایا کہ اسماعیل کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مدینہ کالج کی جانب سے مرحوم اسماعیل کی تدفین کے لیے فنڈ ریزنگ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

بچے کی تدفین اور اہل خانہ کی امداد کے لیے کالج نے 4000 یوکے پاؤنڈز اکٹھے کرنے کے لیے خصوصی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل بیلجیئم میں کورونا وائرس سے متاثرہ 12 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی تھی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومتی ترجمان نے منگل کو بتایا کہ بچی کو گزشتہ 3 دن سے بخار تھا جس کے بعد ٹیسٹ کرنے پر اس میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ چل بسی۔ عبدالوہاب سے پہلے اتنی کم عمر میں کووڈ 19 سے موت کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس تھا تاہم اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں کہ وہ بچی کسی دوسرے مرض میں مبتلا تھی یا نہیں۔ بیلجیئم میں یہ کورونا وائرس سے کسی بچے کی پہلی موت تھی۔