اماراتی حکومت نے ملک میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک واپس روانہ ہونے کی اجازت دے دی

غیر ملکیوں کو روانہ کرنے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی، متاثرہ غیر ملکیوں کو فوری اپنے سفارت خانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 اپریل 2020 23:53

اماراتی حکومت نے ملک میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک واپس ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) اماراتی حکومت نے متحدہ عرب امارات میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک واپس روانہ ہونے کی اجازت دے دی، غیر ملکیوں کو روانہ کرنے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی، متاثرہ غیر ملکیوں کو فوری اپنے سفارت خانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے کی جانب سے ملک میں پھنس جانے والے غیر ملکیوں کیلئے خصوصی اعلان کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے، اور ملک کے تمام زمینی و فضائی رابطے بند ہیں۔ اسی باعث غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں پھنسی ہوئی ہے۔ اب اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ویزٹ اور سیاحتی ویزے پر آنے والے ایسے تمام غیر ملکی جو اپنے ممالک واپس جانا چاہتے ہیں، فوری اپنے سفارت خانوں سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ امارات میں پھنسے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک روانہ کرنے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ ماہ مارچ کے دوران تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی تھی جس کا مقصد کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے وزٹ ویزہ پر آنے والے ہزاروں افراد بھی امارات میں ہی پھنس گئے ، اور اپنے پاس موجود رقم کم ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے۔

تاہم اب اماراتی حکومت نے ایسے لوگوں کو واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں مقامی اور بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاہم یہ مسافر پروازیں محدود تعداد میں ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ 6 اپریل 2020ء سے محدود مسافر پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے امارتی حکام نے ایمریٹس ایئر لائنز کو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم ان پروازوں کے دوران مسافروں اور عملے کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔