فرانس میں مسلسل دوسرے روز 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک

یورپی ملک میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتیں 65 سو سے زائد جبکہ کل کیسز 64 ہزار سے زائد ہوگئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اپریل 2020 00:06

فرانس میں مسلسل دوسرے روز 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2020ء) فرانس میں مسلسل دوسرے روز 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک، یورپی ملک میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتیں 65 سو سے زائد جبکہ کل کیسز 64 ہزار سے زائد ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث اٹلی اور اسپین کے بعد اب فرانس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانس میں مسلسل دوسرے روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

گزشتہ روز بھی فرانس میں ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں جس کے بعد فرانس ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا وائرس ہلاکتیں رپورٹ کرنے والا ملک بن گیا تھا ۔ گزشتہ روز فرانس میں 1355 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، جبکہ جمعہ کے روز مزید 1120 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ فرانس کرونا وائرس ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے متاثرہ ملک بھی بن گیا ہے، جہاں اب تک 6 ہزار 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔

(جاری ہے)

جبکہ فرانس میں اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز 64 ہزار سے زائد ہیں۔ فرانس میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے بھی ایک افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانس میں رہائش پذیر 15 پاکستانی بھی کرونا وائرس کے باعث اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 58 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 10تقریباً 11 لاکھ کے قریب ہو چکی ہے۔

اس وقت امریکا، اٹلی، اسپین اور فرانس کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں، جہاں کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ سے زائد اور اموات کی تعداد 38 ہزار سے زائد ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان ممالک میں آنے والے چند روز بہت زیاد دردناک ہوں گے، ہلاکتوں میں بے پناہ اضافے کا خدشہ ہے۔