ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج کمی

24 گھنٹوں کے دوران 2560 نئے کیسز اور 158 ہلاکتیں ہوئیں، وزارت صحت

ہفتہ 4 اپریل 2020 22:11

ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج کمی
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) ایران میں مسلسل چار روز سے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں کمی دیکھنے کو آئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2560 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران وزارت صحت کے ترجمان کائینوش جہانپور نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ ایک دن کے دوران وائرس کا شکار مزید 158 افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 3452 ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ مسلسل چوتھے روز وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2560 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک 19736 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 4103 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ایران نے مہلک وباء پر قابو پانے کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھا رکھے ہیں اور 8 اپریل تک ملک بھر سفر پر پابندی ہے۔ ایران کے نائب وزیر صحت ایرج ہیررچھی کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں نے اپنے بیان میں کہا کہ تہران میں ٹریفک کا اضافہ تشویشناک ہے۔ ایران بھی وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے جہاں پر اب تک 55 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :