چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کورونا وائرس کی وبا سی بڑی تعداد میں اموات پر گہرے دکھ کا اظہار

منگل 7 اپریل 2020 16:50

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کورونا وائرس کی وبا سی بڑی تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وبا سی بڑی تعداد میں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مشترکہ کوششوں سے اس وباء پر قابو پا لیں گے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے یورپی سربراہان حکومت، عمان کی شوریٰ کونسل کے سپیکر اور چین کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر کو خطوط لکھے ہیں جن میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر پاکستان کی پارلیمنٹ کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی گئی ہے۔

ایوان بالاء کے چیئرمین نے بیلجیم، ہالینڈ اور فرانس کے وزراء اعظم، عمان کی شوریٰ کونسل کے سپیکر اور چین کی بین الاقوامی ترقی کے وزیر کو علیحدہ علیحدہ خطوط لکھے۔

(جاری ہے)

جرمن چانسلر، سپین اور اٹلی کے وزراء اعظم کو خط پہلے جاری ہو چکے ہیں۔ ان خطوط میں چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر بہت دل گرفتہ ہوں، پاکستان کی پارلیمنٹ اور لوگوں کی جانب سے متاثر خاندانوں سے دلی تعزیت اور افسوس کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک غیر معمولی عالمی چیلنج ہے جس سے ہر ایک فرد متاثر ہوا ہے، اس بحران سے جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں اقوام عالم کو متحد ہونے کا ایک منفرد موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی طرح سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان اور قوم اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں، ہم ہر قسم کی معاونت اور پیرا میڈیکل سپورٹ فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ہم جلد اس بحران پر قابو پا لیں گے، دکھ کی اس گھڑی میں میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مارشل آف سینیٹ پولینڈ کی جانب سے ان کو بھیجے گئے پولینڈ کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دورہ ممکن نہیں رہا، حالات ٹھیک ہونے پر پارلیمانی رابطوں اور دورہ کو ری شیڈول کیا جائے گا۔