سعودی عرب سے 223مسافر ملتان پہنچ گئے‘ قرنطینہ منتقل کردیاگیا

ہفتہ 18 اپریل 2020 23:22

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2020ء) سعودی عرب کے شہر جدہ سے 223 مسافروں کو لیکر فلائٹ گزشتہ روز ملتان پہنچی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان ائرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا ۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ،معاون خصوصی جاویداختر انصاری اور سلیم لابر ایم پی اے بھی انکے ہمراہ تھے۔سعودی عرب سے آنیوالے مسافروں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جب کہ طیارے کا 22 رکنی کریو واپس سعودی عرب روانہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی طرف سے قائم کئے گئے کاؤنٹرزپر مسافروں کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ ائر پورٹ پر مسافروں کے سامان کی ڈس انفکشن بھی کی گئی۔کرائے کے اخراجات ادا کرنے والے مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرا دیا گیا ہے جبکہ دیگر مسافروں کو قرنطینہ مرکز مفت رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔ لیبر ویلفئیر کمپلیکس میں قائم قرنطینہ میں سول ڈیفنس کے دستے تعینات کر دئے گئے ہیں۔قرنطینہ میں ریسکیو 1122 کی ایمبولنسز اور سٹاف بھی موجود ہے۔اس کے علاوہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے قرنطینہ مرکز کے کمروں کی ڈس انفکشن مکمل کر لی ہے اور قرنطینہ مرکز کے کمروں اور سڑکوں کو کیمیکل ملے محلول سے دھو دیا گیا ہے۔مسافروں کے کورونا میڈیکل ٹیسٹ 48 گھنٹوں کے اندر لئے جائیں گے۔